ساقی نے التفات کا دریا بہا دیا

حسرت موہانی


پیہم دیا پیالۂ مے برملا دیا
ساقی نے التفات کا دریا بہا دیا
اس حیلہ جو نے وصل کی شب ہم سے روٹھ کر
نیرنگ روزگار کا عالم دکھا دیا
اللہ ری بہار کی رنگ آفرینیاں
صحنِ چمن کو تختۂ جنت بنا دیا
اب وہ ہجوم شوق کی سرمستیاں کہاں
مایوسی فراق نے دل ہی بجھا دیا
حسرتؔ یہ وہ غزل ہے جسے سن کے سب کہیں
مومنؔ سے اپنے رنگ کو تو نے ملا دیا
مفعول فاعلات مفاعیل فاعِلن
مضارع مثمن اخرب مکفوف محذوف
فہرست